شیخو پورہ جلسے میں مریم نوازکی تاج پوشی

شیخوپورہ: مسلم لیگ (ن) کے جلسے میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کی تاج پوشی کی گئی۔

مسلم لیگ (ن) کے جلسہ عام میں انجمن تاجران نے شیخو پورہ کی عوام کی جانب سے مریم نواز کی تاج پوشی کی، قیمتی ہیرے سے مزین پانچ تولے سونے کا تاج انجمن تاجران شیخوپورہ نے تیار کرایا تھا جس کی مالیت پندرہ لاکھ روپے ہے، سربراہ انجمن تاجران نے جلسے کے آغاز پر مریم نواز کی تاج پوشی کی۔

اس موقع پر سربراہ انجمن تاجران کا کہنا تھا کہ مریم نواز نوجوان نسل کی نمائندہ رہنما ہیں جنہوں نے نواز شریف کی سیاسی میراث اور نظریے کو پروان چڑھایا اور اپنے والد کے شانہ بشانہ جمہوریت اور ووٹ کے تقدس کی بحالی کے لیے جدو جہد کررہی ہیں اس لیے شیخوپورہ کے عوام نے اپنی ہر دلعزیز رہنما کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے سونے کا تاج پہنایا۔
خیال رہے پاناما پیپرز کیس کے بعد سے مریم نواز اپنے والد نواز شریف کے ہمرا ہ سیاسی میدان میں کافی متحرک ہیں اور نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست پر اپنی والدہ کلثوم نواز کی انتخابی مہم کی نگرانی بھی کی اور وہ مسلم لیگ کے ہر جلسے کا لازمی حصہ ہیں، مسلم لیگ (ن) میں مریم نواز کے بڑھتے ہوئے کردار پر سابق وزیرِداخلہ چوہدری نثار نے ناراضی کا بھی اظہار کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں