لکس اسٹائل ایوارڈ کامیلہ ماہرہ خان، صبا قمر اور ہمایوں سعید نے لوٹ لیا

کراچی: لکس اسٹائل ایوراڈ 2018 کا میلہ اداکارہ ماہرہ خان، صبا قمر، ہمایوں سعید اوراحد رضامیر نے لوٹ لیا۔

گزشتہ روز لاہور ایکسپوسینٹر میں لکس اسٹائل ایوارڈ 2018کی خوبصورت رنگارنگ تقریب سجائی گئی جس میں اداکارہ ماہرہ خان، ہمایوں سعید، احد رضامیر، سجل علی، جاوید شیخ، ماورا حسین سمیت پاکستانی شوبز اور فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکاروں نےشرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگادئیے، جب کہ فنکاروں کی شاندار پرفارمنس نے لوگوں کو داد دینے پر مجبورکردیا۔

لکس اسٹائل ایوارڈ 2018 کی گزشتہ روز سجنے والی تقریب میں اداکار ہمایوں سعیدنے فلم ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘کیلئے بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا۔

گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی اداکارہ ماہرہ خان سب پر بازی لے گئیں، ماہرہ خان کو فلم’’ورنہ‘‘کیلئے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

بلا شبہ فلم’’نامعلوم افراد2‘‘نے گزشتہ برس بہترین کہانی اور جاندار اداکاری کی وجہ سے خوب داد سمیٹی تھی۔ فلم میں جاوید شیخ کی اداکاری کو سراہتے ہوئے انہیں بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ عروہ حسین نے فلم’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘کیلئے حاصل کیا۔


ہمایوں سعید اور مہوش حیات کی خوبصورت اور جاندار اداکاری سے سجی فلم ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘کو بہترین فلم کا ایوارڈ دیاگیا۔

گلوکار راحت فتح علی خان کو فلم ’’ارتھ2‘‘کے گیت’’سواردے‘‘کیلئے بہترین گلوکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

گلوکارہ آئمہ بیگ کو فلم ’’چھپن چھپائی‘‘کے گانے ’’صدقہ‘‘کیلئے بہترین گلوکارہ کاایوارڈ دیا گیا۔

ڈرامہ سیریل ’’یقین کا سفر‘‘کے ذریعے مقبولیت حاصل کرنے والے اداکار احد رضامیر کو ٹی وی کیٹیگری کیلئے بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

جب کہ اداکارہ صباقمر ڈرامہ سیریل’’باغی‘‘میں جاندار اداکاری کے باعث بہترین اداکارہ کا ایوارڈ لے اڑیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں