شاہد کپور کو معاوضہ بڑھانا مہنگا پڑگیا

ممبئی: بالی ووڈ اداکار شاہد کپور کو معاوضہ بڑھانے کی وجہ سے فلم سے ہاتھ دھونا پڑا۔

بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو شاہد کپور نے جہاں فلم ’حیدر‘ اور ’اڑتا پنجاب‘ میں جاندار ادکاری سے مداحوں کو اپنا دیوانہ بنایا وہیں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’ پدماوت ‘ کی کامیابی کے بعد وہ ہدایت کاروں کی اولین ترجیح بن چکے ہیں جب کہ اپنی اسی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے معاوضے میں اضافہ کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہد کپور نے فلم ’پدماوت‘ میں رانی پدماوتی کے شوہر راجہ راول رتن سنگھ راجپوت کا کردار ادا کیا جسے نہ صرف مداحوں بلکہ نامور فلمسازوں کی جانب سے بھی سراہا گیا یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے معاوضے میں اضافہ کیا لیکن اس فیصلے کی وجہ سے شاہد کپور کو بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار امتیاز علی کی فلم سے ہاتھ دھونا پڑے گا کیوں کہ اداکار کو زیادہ معاوضہ دینے پر رضامند نہیں ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر شاہد کپور اپنے اس فیصلے پر بضد رہے تو ان کی جگہ فلم میں نوجوان اداکار ورون دھون کو لیڈ رول میں کاسٹ کرلیا جائے گا جو نہ صرف اپنے کیریئر کے عروج پر ہیں بلکہ انڈسٹری کو شاہد سے زیادہ ہٹ فلمیں دے چکے ہیں تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا کہ فلم میں شاہد کپور کی جگہ کون لے گا۔

واضح رہے ہدایت کار امتیاز علی اور شاہد کپور کی جوڑی نے انڈسٹری کو ’جب وی میٹ‘ جیسی سپر ہٹ فلم دی تھی اور انہوں نے فلم کی کامیابی کے 10 سال مکمل ہونے پر ایک اور فلم ساتھ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں